افسوس ہے کہ سابق وزیراعظم نے 27ار ب روپے کی خرد برد کی،سردار تنویر الیاس خان


مظفر آباد(صباح نیوز)نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے قانون ساز اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ اقتدار اللہ تعالیٰ کی امانت ہے جس کے ملنے پر رب تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہوں۔افسوس ہے کہ سابق وزیراعظم نے 27ار ب روپے کی خرد برد کی،رمضان المبارک میں بھی ہاتھ صاف کیے اور سبسڈی کے نام پر غریب عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ممبران اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اپنی کمٹمنٹ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ظاہر کی، میں خصوصی طور پرچیئرمین عمران خان سیکرٹری جنرل اسد عمر اور علی امین گنڈا پور، بیرسٹر سلطان اور پوری پارلیمانی پارٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کا نام تبدیل کر کے سید علی گیلانی رکھنے کا اعلان ،آزادکشمیر میں کاٹیج انڈسٹری ،سی آئی اے کا محکمہ،پولیس اصلاحات ،مظفرآباد میں میوزیم ،سفاری پارک ،کیبل کار ،مظفرآباد اور پونچھ میں سوئی گیس فراہمی ،ریل اور ہوائی سروس فراہمی کے لیے اقدامات کا اعلان ۔ریاست بھر میں وال چاکنگ پر پابندی ہوگی،ریاست کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پر کشش بنائیں گے۔تین ماہ کے اندر بتائیں گے کہ ریاست کس طرح چلائی جاتی ہے۔ممبران کو مساوی فنڈز دیں گے کسی کو شکایت نہیں ہوگی کیونکہ یہ فنڈز کوئی گھر سے نہیں دیتا بلکہ یہ قوم کی امانت ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج کا پراسس جمہوری عمل تھا، اپوزیشن پوری تیاری میں بیٹھی تھی چند منٹوں کے فرق سے ہم نے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد جمع کی، اووسیز کشمیریوں کے گلے شکوے جائز ہیں ۔ان شااللہ ان کے لئے بڑی سکیمیں دے ر ہے ہیں اوورسیز کشمیری کمیش کو فعال کرکے اسے پورا ادارہ بنائیںنگے۔ اورسیز سرمایہ کاری کرکے سیاحت پر خرچ کرنا چاہتے ہیں، مشکلات آتی ہیں فاروق حیدر خوش نصیب ہیں کہ ان کو عمران خان جیسا وزیراعظم ملا جنھوں نے حکومت متاثر کی نہ فنڈز روکے، اس لئے وفاق سے امید ہے کہ 500 ارب کے ترقیاتی پیکج متاثر نہیں ہوگا۔آزاد کشمیر میں کوالٹی کنٹرول اینڈ انشورنس کامحکمہ ہی نہیں جس کی وجہ سے کرپشن اور ناقص کام کی شکایات ہیں اس پر اب کام ہوگا، بلڈنگ کوڈ، موسمی تغیر وتبدل پر بھی ترقیاتی کام ہونے متاثر ہوتے ہیں اس حوالے سے بھی کوئی میکانزم آج تک اختیار نہیں کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مظفرآباد اور راولاکوٹ کو سوئی گیس فراہم کریں گے، ریلوے لاین کے لئے بھی اقدامات اٹھائیں گے۔ مظفرآباد اور راولاکوٹ میں ہیلی سروس اور ائیر پورٹس پر کام شروع کرنے پر غور کریں گے کارٹیج انڈسٹری  پر کام شروع کریں گے پرزہ جات اور آرٹیفیشل جیولری بنانے کے کارخانے، ماہی پروری اور دستکاریوں، واٹر سپورٹس، فوڈ سٹریٹس، ہارس کلب ودیگر اہم روزگار شروع کرنے پر اقدامات کئیے جاسکتے ہیں۔مظفرآباد میں سفاری پارک، میوزیم،ٹورازم کوری ڈور، پارکس، موٹل، ریزارٹ بنا کر سیاحوں کو لایا جا سکتاہے، آئی ٹی پارکس کا قیام میری ترجیح ہوگی، ان سارے اقدامات کا مقصد ٹورازم کو فروغ دینا، بے روزگاری کا خاتمہ، نوجوانوں کومثبت کاموں کی طرف راغب کرنا ہے۔

آزادکشمیر میں بورڈ آف انوسَمنٹ، مائننگ، فوڈ اتھارٹی فعال کرنے،تعلیم اور فوڈز، گرین اینڈ کشمیر کے حوالے سے ٹاسک فورسش، سی آئی اے کامحکمہ قایم کرنے، پولیس میں اصلاحات، وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان، ابھی تک تو پتہ ہی نہیں چلا کہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اب ہم عملاً بتائیں گے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسے کہتے ہیں۔ نو منتخب وزیراعظم نے کہاکہ اصغر قریشی کے حوالے سے عبدالقیوم نیازی کے الزامات غلط ہیں میرا اصغر قریشی سے 35سال کا تعلق ہے وہ عمران خان کے ہی امیدوار تھے مگر عبدالقیوم نیازی نے ان کو بھی نہیں چھوڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیوروکریسی کو 3ماہ کا ٹارگٹ دے رہا ہوں سارے کام 90 دن کے اندر کام کریں گے۔ عوام کو آزادکشمیر بدلا ہوا لگے گا، اربنائزیشن پر کام شروع کررہے ہیں۔ مہاجرین 89  کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دیں گے اب مہاجرین کیمپوں میں نہیں رکھیں گے۔بلکہ آزاد شہریوں کی طرح زندگی گزاریں گے۔ مظفرآباد یونیورسٹی کا نام سید علی گیلانی سے منسوب کرنے کا اعلان، مظفرآباد یونیورسٹی کو ایک معیاری یونیورسٹی بنائیںگے۔  انہوں نے کہاکہ مودی  ایک بیماری ہے ہندوستانی اسٹیبلشمنٹ اسے بدلے جو دنیا میں ایک سفاک شخص کے طور پر جانا جاتا ہے، کشمیری ماوں نے علی گیلانی، میرواعظ، شبیر شاہ، یاسین ملک جیسے مدبر اور جرات مند پیدا کئے،

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنان ریلیوں میں افواج پاکستان کے خلاف نعرے بازی، نفرت انگیز زبان سے گریز کریں، فوج ہماری سلامتی کی ضامن ہے اس لئے اس کے خلاف بات کرنا ملک دشمنوں کی سازش ہے پاکستان کی نسبت مدینہ سے ہے لہذا اس کے خلاف بات کرنے والے کی زبان کھینچ لیں گے برصغیر میں حضرت شاہ ولی اللہ، حضرت مولانا امداد اللہ مہاجر مکی جیسی بزرگ ہستیاں پیدا ہوئیں جن کی عظیم دینی خدمات کو دنیا مانتی ہے، وزیراعظم نے ہالینڈ کے گستاخ نے ایک بار پھر نبی رسالتۖ کی شان اقدس میں گستاخی کی ہے جو کہ امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کے متراد ف ہے۔ہم رسول اللہۖ کی حرمت کی خاطر جان تو قربان کرسکتے ہیں مگر اس پر کمپرومائز نہیں کرسکتے۔حکومت پاکستان ہالینڈ سے اپنے تمام سفارتی،سیاسی،تجارتی تعلقات منقطع کرے۔انہوں نے آخر میں جملہ ممبران اسمبلی خصوصاً چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان،سیکرٹری جنرل اسد عمر،علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔