مسلمان حق پر ڈٹ جائیں دنیا کی کوئی باطل طاقت و قوت ان کے مقابل کامیاب نہیں ہو سکتی، ثمینہ احسان،نصرت ناہید


اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے کہا ہے کہ  ازل سے لے کر آج تک باطل مختلف شکلوں میں حق کے مقابل برسر پیکار رہا ہے،اور تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمان حق پر ڈٹ گئے اور اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے حق و باطل کی جنگ میں کود پڑے اللہ نے حق کو فتح دی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 17 رمضان المبارک یوم بدر کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کفر نت نئے حربے اختیار کر کے اسلام کو دبانا چاہتا ہے۔لیکن اسلام کا چراغ سورج کی تندوتیز روشنی اور گرمی کی ماند ہے،اس کی روشن کرنوں کو باطل اپنی ظلمتوں سے وقتی طور پر چھپا تو سکتا ہے پر اس کی گرمی وشدت کا مقابلہ کبھی نہیں کرسکا اور نہ ہی آئندہ کبھی ایسا ممکن ہے

ثمینہ احسان نے کہا کہ آج بھی مسلمان اگر فضائے بدری پیدا کر لیں، تقوی, صبر اور جذبہ ایمانی کی صفات سے متصف ہو جائیں تو پھر دنیا کی کوئی باطل طاقت و قوت ان کے مقابل کامیاب نہیں ہو سکتی اور فرشتے آج بھی مسلمانوں کی مدد کو اتر سکتے ہیں ۔