آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟ سردار تنویر الیاس یا چودھری یاسین،فیصلہ کل ہو گا


مظفر آباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا انتخاب پیر کے روز ہوگا۔صدر آزاد کشمیر نے صبح دس بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، قائد ایوان کا انتخاب ایجنڈے میں شامل ہے۔

نئے قائد ایوان کی دوڑ میں تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے چودھری یاسین کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے دو اتحادی جماعتوں کے ممبران سمیت چونتیس اراکین ہیں۔دوسری جانب اپوزیشن کے پاس انیس ووٹ ہیں، جیت کے لئے امیدوار کو کم از کم ستائیس ووٹ درکار ہوں گے۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی نے سردار تنویر الیاس خان کو اپنا قائد ایوان نامزد کیا ہے پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے27ممبران اسمبلی کی حمایت درکار ہے، سردار تنویر الیاس خان کو 32ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے28 ممبران اسمبلی،4 ممبران اسمبلی سردار تنویر الیاس خان کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود رہے۔ تنویر الیاس کو آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے سے روکا نہیں جا سکتا۔دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر کے استعفی کے بعد اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین وزارت عظمی کے مظبوط امیدوار ہیں۔