مظفر آباد(صباح نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس18 اپریل کو طلب کر لیا ہے ۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
قبل ازیںسپریم کورٹ آزادکشمیرنے قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے الگ سے اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم جاری کیا تھا ۔سپریم کورٹ آزادکشمیرکے فل بینچ نے ہفتے کو قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب پر ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کیخلاف دائر اپیل پر محفوط فیصلہ سنادیا ہے جس کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے لئے الگ سے اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم جاری کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے فل بینچ میں چیف جسٹس راجہ سعید اکرم، جسٹس رضا علی خان، جسٹس خواجہ محمد نسیم،جسٹس محمد یونس طاہر شامل ہیں۔ فیصلے کے مطابق علیحدہ سیشن 14دن کے اندر بلایا جا سکتا ہے عدالت نے حکم دیا ہے کہ صدر آزادکشمیر نیا اسمبلی اجلاس بلائیں اور سپیکر شیڈول جاری کر کے قائد ایوان کے لیے ووٹنگ کرائیں۔ صدر کو اختیار ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں بھی نیا اجلاس بلا سکتے ہیں۔
یاد رہے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار قیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد جمعہ کو اسمبلی اجلاس بلایا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے وزیر اعظم سردار قیوم نیازی جمعرات کی شام ہی مستعفی ہوگئے تھے ۔ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیکر کی رولنگ پر اسی روز نئے قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔
اپوزیشن نے اس فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ آزاد کشمیرہائی کورٹ نے جمعہ کے روز نئے قائد ایوان کے انتخاب کا معاملہ پیر کے روز تک روک دیا تھا۔آزاد کشمیر حکومت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔سپریم کورٹ آزادکشمیرنے قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے الگ سے اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔