تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے غیر آئینی ہیں،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں، لگتا ہے اگلا استعفیٰ صدر مملکت کا آنے والا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو غیر آئینی رولنگ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کے تحت سزا ہونی چاہئے، تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے جو استعفے سامنے آئے ان کا ٹیکسٹ بھی ایک ہے، کچھ کی فوٹو کاپی ہے اور ایک ہی فارمیٹ کے تحت تیار کئے گئے ہیں، یہ تمام استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کئی ارکان اسمبلی کہہ چکے ہیں کہ ہم نے استعفیٰ نہیں دیا، ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پارلیمنٹ میں موجود ہے، ان کے پاس کوئی اتھارٹی نہیں کہ وہ ان جعلی استعفوں کو منظور کریں جو ممبران نے دیئے بھی نہیں، یہ استعفے ملک کی سلامتی اور فارن پالیسی کو دائو پر لگاتے ہوئے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، انہیں معلوم ہے کہ یہ آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں اور عوام کو چار سال تک لوٹا ہے، اگلا استعفیٰ لگتا ہے کہ صدر مملکت کا آنے والا ہے۔