سابق حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہے، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق نا اہل حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ملک میں اس وقت لوڈ شیڈنگ ہے، کیونکہ سابق حکمرانوں اور حواریوں نے بجلی کے بحران پر کوئی توجہ نہیں دی۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ توانائی حکام کے ساتھ متعدد اجلاس کیے گئے جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ملک میں اس وقت 35ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جس میں 6 ہزار میگا واٹ ہائیڈل پاور سے حاصل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس نہیں چلائے جاسکے اور کئی پلانٹس گیس اور تیل کی وجہ سے بند پڑے ہیں جس میں سابق حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ملک میں اس وقت لوڈ شیڈنگ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی پورٹ پر ٹرمینلز ناکافی ہیں، سابقہ حکومت اتنی نااہل تھی کہ اسے کوئی پرواہ نہیں تھی، ہفتہ کی صبح راول چوک فلائی اوور کا دورہ کیا جسے 24 ماہ میں مکمل ہونا تھا، ہم نے 72 روز میں ایسے فلائی اوورز بنا کر عوام کو دیے۔

خیال رہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ بھی شامل تھی جو ان کے مستعفی ہونے کی وجہ سے نہیں ہوسکی