سیاستدانوں کا پتلی تماشہ قوم کے سامنے ہے، اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں ، محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی کہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں اپنے زندگی کو اور ماحول کو بدلنا ہے، دین کا تشخص ہی یہ ہے کہ نیکی کا حکم دو، برائی سے روکو، ہمارے ماحول میں یہ محبتیں اور چاشنی آنی چاہئے، ہمارا ملک اسلام کیلئے بڑی قربانیوں اور تمنائوں کے بعد بنا تھا، پاکستان بنے کا تو اسلام کا بول بالا ہوگا لیکن ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے قوم کو مایوس کیا، آج دین سے دوری، بے دینی کا ماحول عام ہے، تعلیمی اداروں میں منشیات اور فحاشی کا عروج ہے، پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی پاکستان بنانا ہے، سیاستدانوں کا پتلی تماشہ قوم کے سامنے ہے، اسلئے اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت نیو کراچی مسجدعبدالعزیز میںمنعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہم سب کو قرآن کی تلاوت،تہجد کے ذریعے سے اپنی عادتوں کو اسلام کے مطابق بنانے کی ٹرینگ دیتا ہے، رمضان المبارک نیکیوں کی بہار گناہوں سے نجات کا مہینہ ہے اسلئے اس مہینے سے جنت کی طرف، مغفرت کی طرف دوڑنے کا وقت ہے ، اپنی زندگی میں ڈسپلین اور اللہ کے دین کو مضبوطی سے پکڑنے کی ضرورت ہے ، پاکستان میں ایک دن ضرور اسلام کا نظام نافذ ہوگا لیکن اس میں ہمارا کتنا حصہ ہوگا یہ دیکھنے کی ضرورت ہے۔آج ملک تاریخ کے نازک دوراہے پر کھڑا ہے، ہر طرف بے راہ روی، فحاشی، عریانی کا سیلاب ہے، دین مغلوب اور کفر کی طاقتیں ہر طرف چھائی ہوئی ہیں

ایسے میں جماعت اسلامی کے کارکنان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں مملکت خداداد کو لادینی قوتوں سے آزاد کرنے اور ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنانے کیلئے مجاہدانہ کردار ادا کریں ، سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں جماعت اسلامی بھرپور حصہ لے گی اسلئے کارکنان ابھی سے تیاریاں شروع کردیں اور گھر گھر، بستی بستی جماعت اسلامی کی دیانتدار،صالح اور نیک قیادت کو روشناس کرائیں اور نااہل،کرپٹ جاگیردارانہ نظام کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے عوام میں شعور اور بیداری لانے کیلئے بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ اپنی دعوت کو عام کریں تاکہ ملک کو سیاسی،معاشی مسائل، عوام بھوک، بدحالی، بیروزگاری اور بدامنی سے نجات حاصل کرسکیں۔