کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ رمضان تبدیلی،تربیت اورتذکیہ نفس کا مہینہ ہے۔آج ہرطرف ظلم وناانصافیوں کا راج ہے۔قرآن وسنت کے نفاذ کے ذریعے ہی تمام مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادمان ٹاون سرسید میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے نادرا، بجلی ،پانی اوربحریہ ٹاون سمیت کراچی کے مسائل پرہمیشہ آواز بلند کیا ہے،حالیہ تحریک میں جماعت اسلامی عوام کی آوازبن چکی ہے۔امن اور شہر کی تعمیر وترقی کے لیے لسانیت ،پارٹی و ذاتی مفادات سے بالاترہوکرقومی ونظریاتی سوچ اپنانی ہوگی۔
جماعت اسلامی کو اب موقع ملنا چاہئے ، جماعت اسلامی کے نمائندوں عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے ادوارمیں تاریخی ترقیاتی کام ہوئے ۔خزانے کا ایک ایک پیسہ امانت دیانت اورخدمت کے جذبہ کے ساتھ عوام اورشہرپر خرچ کیا۔انہوں کہاکہ تحریک پاکستان کا آغاز بھی کراچی سے ہوا،اس لیے تحریک پاکستان کا پیغام ہے کہ پاکستان غلامانہ نظام حکمرانی ختم کرکے اسلام کا عادلانہ نظام نافذکرنے کی طرف قدم اٹھانا چاہیں۔