پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس کے گھروں پر چھاپوں کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس کے گھروں پر چھاپوں کا اقدام اسلام آبادہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان نے سوشل میڈیا کارکنوں کی ہراسگی معاملے پر درخواست دائر کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد ، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی ایف آئی اے سائبر ونگ کو فریق بنایا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس کے گھروں پر غیر قانونی چھاپے مارے جارہے ہیں، ان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کئے گئے ، حکمران جماعت کے ایما پر کارکنان کے خلاف کاروائیاں شروع کی گئی ہیں، پی ٹی آئی کارکنان کی فیملیز کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے، اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پارٹی کارکنوں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روکا جائے، سیاسی بنیادوں پر چادر چار دیواری  کا تقدس پامال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے، ایف آئی اے اور پولیس کاروائیوں کو عدالتی فیصلوں کے تناظر میں غیر قانونی قرار دیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کردی جس پر تھوڑی دیر بعد سماعت ہوگی۔