ناظم جوکھیوقتل کیس ،جام عبدالکریم کی 3 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور


کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی 3 روز کی حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔

 گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں ناظم جوکھیو کیس میں جام عبدالکریم سمیت دیگرملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔عدالت نے ملزمان کو3 دن کے اندرانسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے جام عبدالکریم کی 3روز کے لئے حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔

عدالت نے کہا کہ کیس کا چالان آگیا ہے توملزمان ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔کیس کی سماعت مئی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

ناظم جوکھیو کو نومبر 2021میں میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ناظم جوکھیو کیس میں جام عبدالکریم سمیت دیگرملزمان کونامزد کیا گیا تھا۔