ہر سال ماہ مقد س کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے اندر مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہو جاتا ہے، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہے کہ ہر سال ماہ مقد س کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے اندر مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہو جاتا ہے ، اشیا خوردونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جاتی ہیں ۔امسال بھی صورتحال جوں کی توں ہی ہے ۔ حکومت کا رمضان پیکیج آٹے میں نمک کے برابر ہے ۔ملک کی 22کروڑ کی آبادی کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز کی کل تعداد 5491ہے ،جو کہ آبادی کی ضروریات پوری نہیں کر سکتے ۔ایسے میں عوام کے لئے حکومتی رمضان پیکیج بے سود ہو جاتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں نے خود ساختہ ہی نرخوں میں اضافہ کر کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔حکومت اور متعلقہ ادارے اس مہنگائی کو قابو کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتے ہیں ۔ناجائز منافع خوری ایک لعنت بن چکی ہے ۔ ملک کے اندر جب بھی کوئی تہوار آتا ہے تو مافیا بے لگام ہو جاتا ہے ۔ مہنگائی کنٹرول کرنے والے تما م ادارے ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔ ملک کے اندر جب تک حکومت کی رٹ کمزور رہے گی اس وقت تک مافیا بے خوف وخطر اپنا کام کرتا رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تہواروں کے موقعوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جاتی ہیں تاکہ عوام کو ریلیف میسر ہو ، مگر بدقسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے ۔یہاں مافیا کی چاندی ہو جاتی ہے ۔عوام کو ان کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے ہنگائی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے عوام کی ترقی و خوشحالی اور ملک میں سے مہنگائی کے خاتمے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ملک کے اندر ہیجانی کیفیت ہے ۔عوام کی کسی کو بھی فکر نہیں ۔عوام کو درپیش مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ۔رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کر دی ہے ۔تحریک انصاف کے دور حکومت میں جس انداز میں عوام نے مہنگائی اور بے روزگاری کو برداشت کیا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔