تینوں بڑی جماعتوں نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ خط تنازع نے پاکستان کے اندر سیاسی عدم استحکام اور آئینی بحران کو شدید کردیا ہے۔ یہ معاملہ تحریک عدم اعتماد تک نہیں رہا بلکہ اس سارے کھیل میں قومی سلامتی کو دائو پر لگادیا گیا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی اس حوالے سے حقائق قوم کے سامنے لائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔ آئین کو مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے ریمارکس ” بظاہر ڈپٹی سپیکر نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ ” قابل توجہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال سے سٹاک مارکیٹ میں 1250پوائنٹس کی کمی ہو چکی ہے جس سے سرمایہ داروںکے اربوں روپے ڈوب اور مارکیٹ کے 88فیصد حصص کی قیمتیں گر چکی ہیں۔معاشی بحران بھی سنگین ہوگیا ہے۔ملک کے اندر سرمایہ کاری رک گی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا فوری حل صرف اور صرف ملک میں انتخابات کا انعقاد ہے۔ مگر جو راستہ عمران خان نے اختیار کیا ہے ، اس سے فوری انتخابات کے انعقاد پر تلوار لٹک گی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر آئین کی بالادستی اور جمہوری استحکام ناگزیر ہے۔ امید کرتے ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ آئین کی تشریح اور رہنمائی کرتے ہوئے ملک و قوم کو آئینی بحران سے جلد نکال لے گی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج غیر آئینی اقدام کو تحفظ فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ تینوں بڑی جماعتوں نے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچایا ہے