پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی ، اپوزیشن کے 18 افراد کی رکنیت معطل کرنے پر غور


لاہور(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن کے 18 افراد کی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق رانا مشہود احمد، طاہر خلیل سندھو، خواجہ سلمان رفیق، عظمی بخاری، حنا پرویز بٹ، عنیزہ فاطمہ اور دیگر افراد کی اسمبلی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا گیا ۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر گزشتہ روز انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر گزشتہ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی اپنی رپورٹ دے گی۔

سپیکر کی ہدایت پر بننے والی دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور شامل ہیں۔کمیٹی ایوان اور اسمبلی کی لابی میں توڑ پھوڑ کرنے والے اپوزیشن کے ارکان کو معطل کرنے کی سفارش کر سکتی ہے، کمیٹی اپنی رپورٹ سپیکر کو پیش کر دے گی۔

نئے وزیراعلی پنجاب کا انتخاب؛ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر

 پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر کردیا گیا ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 اپریل بدھ کو ہونا تھا لیکن اب 16 اپریل کو ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر  سردار دوست محمد مزاری  نے اجلاس موخر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 16 اپریل کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔گزشتہ اجلاس میں ہونے والی توڑپھوڑ کو اس فیصلے کی وجہ بتایا گیا ہے۔

اسمبلی ذرائع کے مطابق ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے لیے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ نقصان پہنچنے والی اشیا کی مرمت کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے اجلاس کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ اب اجلاس 16 اپریل کو  صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس  بدھ کو طلب کیا گیا تھا جس میں نئے وزیراعلی پنجاب کا انتخاب ہونا تھا۔واضح رہے کہ  سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اسمبلی اجلاس بد ھ کوآئین کے مطابق ہوگا۔