اسلام آباد(صباح نیوز) امریکہ اور پاکستان نے دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کرلیاہے،یہ اتفاق رائے مشیرقومی سلامتی معیدیوسف کی امریکی وفد سے ملاقات کے دوران ہوا، مشیرقومی سلامتی معیدیوسف سے چار رکنی امریکی وفد کی ملاقات ہوئی ، وفدکی قیادت سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کے اقلیتی اسٹاف ڈائریکٹر کرس سوچانے کی۔
ملاقات میں فریقین نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر معیدیوسف نے کہا پاکستان ہمیشہ کہتارہاافغانستان کاکوئی فوجی حل ممکن نہیں۔
افغانستان کوانسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جانی چاہیے، مستحکم اور پرامن افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ معید یوسف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کو دوبارہ تنہا چھوڑنا ایک غلطی ہوگی، نظم و نسق کو تباہی سے بچانے اور مہاجرین کے ایک اور بحران سے بچنے کیلئے دنیا کو افغان طالبان کے ساتھ مسلسل مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال اور چیلنجز کے تناظر میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور تزویراتی تعلقات کوفروغ دینے سمیت دوطرفہ تعلقات بہتربنانے کے لئے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔