لانگ مارچ شارٹ مارچ بن گیا؟ عوام ان کے ساتھ نکلنے کو تیار نہیں،فرخ حبیب


اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب  نے کہا ہے کہ  عمران خان پر عوام نے اعتماد پلس کردیا ہے،لا نگ مارچ شارٹ مارچ بن گیا ہے کیونکہ عوام ان کے ساتھ نکلنے کو تیار نہیں تھے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں وہ سب لٹکی رہ جائیں گی۔ آج بھی ان کو ایک کرنٹ لگے لگا، ایم کیو ایم کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات آخری مراحل میں ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن پر عدم اعتماد کردیاہے، پی ڈی ایم نے خود اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیا، نوازشریف باہر بیٹھ کر کس سے ملاقاتیں کرتے ہیں سب کو پتہ ہے۔

وزیر مملکت  نے کہاکہ اپوزیشن والوں نے آزاد لوگوں کے نام لئے، جو ان کے ساتھ نہیں ہیں، آج ن لیگ کے چہرے لٹکے ہوئے تھے۔پاکستان کے جمہوری نظام کی کیا یہ اوقات ہے کہ دس بارہ ارب روپے سے غیر مستحکم کردے۔فرخ حبیب نے کہا کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر کن لوگوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں سب جانتے ہیں اب یہ لوگ ناکام ہوچکے ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ بیرونی طاقتیں جو پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتی ہیں یہ ان کی کٹھ پتلیاں بنی ہوئی ہیں ، ستائیس مارچ کو اسلام آباد کی تمام سڑکیں پریڈ گروانڈ بنی ہوئی تھیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کا ٹولہ ایک طرف ہے اورعمران خان ایک طرف کھڑا ہوا ہے، عمران خان پر عوام نے اعتماد پلس کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے آج یہاں اپنی ناکامی کا اظہار کردیا ہے جن لوگوں نے شیروانیاں سلوائی ہوئی ہیں ان کے جیل جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ شارٹ مارچ بن گیا ہے کیونکہ عوام ان کے ساتھ نکلنے کو تیار نہیں تھے