سرینگر :دستی بم کے دھماکے میں 6 بھارتی پولیس اہلکاراورایک شہری زخمی


سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں سرینگر میں دستی بم کے دھماکے میں6 پولیس اہلکاروں سمیت کم سے کم 7افراد زخمی ہو گئے ،وادی کے کئی علاقوں میں جاری کریک ڈاو ن کے دوران بھارتی فوج ایک درجن کے قریب کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ،کئی علاقوں میں بھارتی فوجی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے

کے پی آئی کے مطابق سرینگر کے علاقے رعنا واری میں دستی بم کے دھماکے میں دو بھارتی پولیس اہلکار ، ایک سی آر پی ایف اہلکار ، دو ٹریفک پولیس کے اہلکار اور ایک شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس اہلکار کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رعنا واری میں ایک پولیس پارٹی پر دستی بم سے حملہ کیاتھا۔

زخمی اہلکاروں اور شہری کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ،جموں و کشمیر اسلامک فرنٹ نے زمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ حملے میں بھارتی فوج کا کافی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی۔ادھربمنہ چوک میں ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جس کے بعد مزید تین نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے زبیر احمد شیخ ولد محمد الطاف شیخ ساکن 90فٹ صورہ کو ہمدانیہ کالونی جاتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا گیا اور جامہ تلاشی کے دوران اسکی تحویل سے ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔اسے فوری طور پر حراست میں لیکر اسکے خلاف کیس زیر نمبر 15/2022درج کیا گیا۔ اس سے مزید پوچھ تاچھ کی گئی، جس کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ گرینیڈ ایک اور اپر گراؤنڈ ورکر شمیم احمد چلو ولد عبدالکریم چلو ساکن ٹنکی پورہ شہید گنج سے حاصل کیا تھا۔ اس نے اعتراف کیا کہ اس نے چار (4) دستی بموں کی کھیپ حاصل کی تھی اور ایک ایک گرینیڈ امیر رحمان ڈار ولد عبدالرحمان ڈار ساکن ٹینگہ پورہ بائی پاس، شاہد احمد میر ولد گلزار احمد میرساکن ڈینجر پورہ نوگام اور زبیر شیخ ( گرفتار) کو دیئے تھے۔بعد میں ان مقامات پر چھاپے مارے گئے اور تین سے زائد معاونین کو بھی گرفتار کیا گیا اور ان 3 مزید دستی بم بھی برآمد ہوئے۔

تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار ملزمان لشکر طیبہ کی ہدایت پر کام کر رہے تھے۔دریں اثناء قابض فوج نے جاری کریک ڈاون کے دوران  سوپور، اونتی پورہ، پلوامہ اور کولگام میں 10 افراد کو گرفتار کیاسوپور میں پولیس چوکی وارپورہ کی پولیس پارٹی نے ایک ناکے پر ڈیوٹی کے دوران ایک شہری کو گرفتار کیا جب وہ وارپورہ علاقے میں مشکوک حالات میں گھوم رہا تھا۔گرفتار کئے گئے شہری کی شناخت بلال احمد راتھر ساکن ڈانگر پورہ سوپور کے طور پر کی گئی ، چنکی پورہ علاقے میں ایک ناکے کی چیکنگ کے دوران 2افراد کو گرفتار کیا۔

پولیس اسٹیشن سوپور کی ایک ٹیم نے دو افراد کو گرفتار کیا ادھر اونتی پورہ میں مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے،پانپور تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے ایس ایچ او کی سربراہی میں پتل باغ پانپور میں قائم ایک خصوصی چوکی پر 2 مشکوک افراد کو روکا جن کی شناخت عادل میر اور عادل احمد بٹ ساکنان پانپور کے طور پر کی گئی ،وادی کے دیگر مقامات پر قابض فوج نے نصف درجن سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا ،کئی مقامات پر لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔۔