سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے یوم پاکستان پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ،
اقوام متحدہ کو کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر فوری عملی جامہ پہنانا چاہیے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے اور ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کے امیدوں کا ضامن ہے ۔انہوں نے اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے عالم اسلام کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں اور امت مسلمہ کو امید ہے کہ او آئی سی کانفرنس کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بنے گی۔
انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد بھی دی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا خواب اسی وقت پورا ہو گا جب کشمیر بھارت کی غلامی سے آزاد ہو گا اورپاکستان کے ساتھ اس کا الحاق ہو گا، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر حکومت پاکستان اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔
فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور جدوجہدمیں مصروف کشمیریوں کو 23مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد سے تحریک ملتی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر پر جبری قبضے کے خلاف جدوجہد کوبھارت کی غلامی سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔