اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اہم اجلاس 22مارچ 2022ء سے اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستانی عوام، مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ، مندوبین، سفارتکاروں اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ اجلاس پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہورہا ہے۔1969ء میں اسرائیل نے مسجدِ اقصی کو آگ لگائی تو مسلمانانِ عالم اس کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے اکٹھے ہوئے اور 25 ستمبر 1969ء کو مراکش کے دار الحکومت رباط میں پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد ہوئی۔ او آئی سی مسلم ممالک کی ترجمان تنظیم ہے جو اقوام متحدہ کے بعد دنیاکی دوسری بڑی تنظیم ہے۔ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے قیام کا مقصد عالمی برادری کے سامنے اُمتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کی ترجمانی کرنا اور مسلم ممالک کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرناہے۔ او آئی سی کے قیام میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں عالمِ اسلام کے کئی مسائل دُنیا کے سامنے اُجاگر ہوئے اور مسلم اُمہ کا تصور اُبھرا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اس اجلاس کا موضوع اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری ہے۔ پاکستان میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی اور خوشحالی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
جب روس نے افغانستان پر حملہ کیا تو اس کے خلاف او آئی سی نے مشترکہ مؤقف اختیار کیا جس کے نتیجے میں روس کو افغانستان سے نکلنا پڑا لیکن جب امریکہ نے افغانستان اور عراق پر حملے کئے تو او آئی سی کوئی مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے سے قاصر رہی ۔ یوں دونوں مسلم ممالک دنیائے عالم میں تنہا چھوڑ دئیے گئے۔ یہی حال مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کا بھی ہے ۔ اگرچہ ماضی میں مسلم ممالک نے جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی مگر ایک عرصہ سے او آئی سی کی طرف سے بھارت اور مغربی ممالک پر جودباؤ ڈالا جاسکتا تھا اس سے اغماز برتا گیا۔1948ء کو پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ بندی کے بعد اقوامِ متحدہ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا۔ اقوامِ متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر 1971ء تک 17 قرار دادیں منظور کی گئیں۔ معاہدہ تاشقند، شملہ معاہدہ اور اعلانِ لاہور میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور وہاں کے عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا لیکن یہ تمام معاہدے اورقرار دادیں کاغذی کارروائی اور زبانی جمع خرچ ثابت ہوئے۔ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور ذوالفقار علی بھٹو صاحب نے کشمیر کے لیے ایک ہزار سال تک لڑنے کی بات کی۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے بطورِ آرمی چیف کارگل کا محاذ کھولا لیکن حکومت پر قبضے کے بعد کشمیر کی آزادی کی بجائے اس کے ٹکڑے کرنے کی بات کی اور آزادی کشمیر کی جدوجہد روکنے کے لئے کنٹرول لائیں پر باڑ لگانے میں بھارتی حکومت کی مدد کی۔ بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت میں ضم کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی تقریروں کے علاوہ کوئی عملی قدم نہ اُٹھایا۔ انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لئےگلگت بلتستان کو عبوری صوبہ اور آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے کا عندیہ دیا۔
اگرچہ تمام مسلم ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے لیکن 5 اگست 2019ء کے بھارت کے ناجائز اقدام پر 3 مسلم ممالک (تُرکی ، ملائشیا اور ایران ) کے علاوہ او آئی سی کےکسی ملک نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دی اور نہ کھل کر کشمیریوں کا ساتھ نہیں دیا۔ شایداس کی وجہ مسلم ممالک کے بھارت کے ساتھ معاشی و تجارتی مفادات ہیں ۔ امریکی ابلاغیاتی ادارے دی نیشنل انٹریسٹ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور امریکہ بھارتی اقدام کی زیادہ مخالفت نہیں کریں گے کیونکہ دونوں کے معاشی روابط پاکستان کے مقابلے میں بھارت کے ساتھ کہیں زیادہ مضبوط ہیں ۔ 6 اگست 2019ء کو اسلامی ممالک کی تنظیم( او آئی سی) نے اپنے رابطہ گروپ کا اجلاس بلایا اور بھارتی اقدام پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ۔ اس دوران سیکرٹری جنرل او آئی سی نے جموں و کشمیر میں جد و جہدِ آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا مگر اس سے آگے کچھ نہ ہوا۔ مسلم ممالک کی ایک بڑی تعداد قدرتی وسائل خصوصاً تیل کے ذخائرسے مالا مال ہے انہیں بھارت سمیت کسی بھی عالمی معاشی طاقت کی مدد یا اُس پر انحصار کی ضرورت نہیں ۔ اگرمسلم ممالک بھارت کو تیل کی ترسیل روک دیتے تو چند دن میں اُس کی معیشت بیٹھ جاتی لیکن افسوس کہ بعض بڑے مسلم ممالک نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو اپنے ملکوں کے اعلیٰ ترین اعزازات سے نوازا۔
آج بھی پاکستانی عوام چاہتی ہے کہ او آئی سی کے تمام رکن ممالک خصوصا عرب ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اُس طرح واضح اور دو ٹوک پالیسی اختیار کریں جس طرح یورپی یونین اور نیٹو نے یوکرین کے لیے اختیار کی ہے۔ بھارت کو جارح قرار دے۔کشمیریوں پربھارتی مظالم کی مذمت کرے۔ بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے اور یہ پابندیاں اُس وقت تک عائد رکھے جب تک وہ کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت کو تسلیم نہیں کرتا،اپنی فوجیں مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر سے واپس نہیں بلاتا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ریاست جموں و کشمیر میں استصواب رائے کروانے کے لئے آمادہ نہیں ہو جاتا۔ مزیدبراں مسلم ممالک خصوصا عرب ممالک بھارتی حکمرانوں کو پزیرائی نہ دیں کیونکہ ایسے اقدامات سے بھارتی ظلم و بربریت کا شکار بچوں، خواتین اور بزرگوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔
مسئلہ افغانستان کے حوالے سےبھی وزرائے خارجہ کی خدمت میں عرض ہے کہ 29 فروری 2020ء کو امریکہ اور طالبان نے دُنیا بھر کی حکومتوں کے نمائندوں کے سامنے ’’دوحہ امن معاہدے‘‘ پر دستخط کیے ۔امریکہ نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی اوردوحہ امن معاہدے پر نظر ثانی کا اعلان کیا اور افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کی ڈیڈ لائن یکم مئی 2021ء سے بڑھا کر11ستمبر 2021ء کردی۔ اس کے برعکس طالبان نے دوحہ امن معاہدے کی پاسداری کی۔ امریکی و نیٹو فورسز پر حملہ کرنے سے گریز کیا، کابل پر کنٹرول کے بعد عام معافی کا اعلان کیا، انتقامی کارروائیوں سے گریز کیا، قابض افواج کے محفوظ انخلاء میں تعاون کیا ۔ اپنے تعلیمی، معاشی اور معاشرتی ایجنڈا کی وضاحت کی۔ انتہا پسندی کے بجائے میانہ روی اختیار کی، خواتین کی تعلیم اور روزگار کے حوالےسے پالیسی میں نمایاں تبدیلیاں کیں۔ منشیات پر پابندی لگائی، انسانی حقوق اور میڈیا کو آزادیاں دیں۔ نامساعد حالات کے باوجود تین ماہ میں معاشی سرگرمیاں بحال کیں اور امن و امان اور دوستانہ ماحول پیدا کیا۔ بین الاقوامی برادری کا مطالبہ تھا کہ افغانستان میں مشترکہ حکومت کا قیام عمل میں لایا جائےحالانکہ ویتنام جنگ، انقلابِ فرانس، انقلابِ روس اور انقلابِ چین کے بعد مشترکہ حکومت کا مطالبہ کبھی نہیں کیاگیا۔ اس کے باوجود امارت اسلامی افغانستان نےمختلف حالانکہ طبقہ ہائےفکر اور قومیتوں کو حکومت میں شامل کیا ہے۔ انخلاء کے بعد امریکہ نے افغانستان پر اقتصادی پابندیاں لگائیں اور ان کے اثاثہ جات پر قبضہ کیا جس کے نتیجے میں افغانستان خوفناک انسانی المیہ کا شکار ہو گیا۔ دسمبر 2021ء میں اسلام آباد میں او آئی سی کے اجلاس میں افغانستان کے معاشی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدام کے نتیجے میں اقوامِ متحدہ افغانستان میں اپنے تمام مشن بحال کرنے پر آمادہ ہوگئی ہےاور امریکہ افغانستان کے نصف اثاثے افغانستان کے حوالے کر نے پر آمادہ ہوگیا ہے۔ اس لئے یہ بہتر موقع ہے کہ او آئی سی اماراتِ اسلامی افغانستان کو تسلیم کرے،افغانستان سے سفارتی و اقتصادی رابطے بحال کرے۔ اقتصادی بحالی کے لیے کھلے دل سے افغانستان کی مادی اورسفارتی مدد کرے اور اقوامِ عالم کو بھی نئی افغان حکومت تسلیم کرنے کی ترغیب دے۔ اوآئی سی متفقہ طور پرروس، امریکہ اور نیٹو سے مطالبہ کرے کہ افغانستان کو تاوانِ جنگ ادا کریں۔