جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے وفد کی کشمیری رہنما ظہور بٹ سے ملاقات


سرینگر(صباح نیوز )مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماس موومنٹ کے رہنماپرنس سلیم کی سربراہی میں ایک وفد نے ترہگام کپواڑہ میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما ظہور احمد بٹ کے گھر جاکران سے ملاقات کی اور ان کی رہائی پر انہیں مبارکباد دی ،ظہور احمد بٹ 4سال کی غیر قانونی نظربندی کے بعد حال ہی میں رہا ہوئے ہیں۔ملاقات میں شبیر احمد ڈار اور محمد یاسین بٹ بھی شامل تھے ،

ممتاز کشمیری رہنما شہیدمحمد مقبول بٹ کے چھوٹے بھائی ظہور احمد بٹ کو عدالت کی جانب سے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ان کی نظربندی کو کالعدم قراردیے جانے کے بعد رہا کیا گیا۔

اس موقع پر ماس موومنٹ کے رہنماپرنس سلیم نے وفد کے دیگر ارکان نے ہمراہ ظہور احمد بٹ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا،

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری قیادت کو پابندسلاسل رکھا ہے تاکہ کشمیریوں کو اپنی جدوجہد آزادی میں اپنی قیادت سے محروم رکھا جائے ، انہوں نے کہاکہ بھارت ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیریوں کی اس تحریک کو کچلنا چاہتاہے لیکن کشمیریوں کے بلند حوصلوں کے باعث بھارت اپنے ناپاک عزائم میں اب تک کامیاب نہیں رہا ،کشمیریوں کی تحریک جاری ہے اور منزل کے حصول تک جاری رہے گی ،

پرنس سلیم نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی بڑھتی ہوئی ظالمانہ کارروائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں قید کشمیریوں کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔