سری نگر، پونچھ ،راجوری اضلاع میں بھارتی فوج کی تلاشی کی کاروائیاں تیز


 سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے سری نگر، پونچھ اور راجوری اضلاع میں تلاشی کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں اس دوران بھارتی فورسز نے  مزید6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے  ان میں سے 4 کوپونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن اور2 کو راجوری کے تھنہ منڈی علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت سرینگر میںبھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں گشت کررہی ہے اور گاڑیوں اورراہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں جو کہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں ۔

اس دورن لال چوک، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، ریگل چوک ، ٹی آر سی چوک ، پولو ویو اور سٹی سینٹر جیسے اہم مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیاگیا ہے ۔

مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فوجی انہیں روک کر ان کے شناختی کارڈچیک کرر ہے ہیں اور ان کی جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیاں لینے کا سلسلہ گزشتہ چند دنوں سے روز کا معمول بن چکا ہے بلکہ سی آر پی ایف اہلکار اس کے علاوہ لوگوں کے شناختی کارڈ ،ڈرائیونگ لائسنس اورگاڑیوں کی دستاویزات بھی چیک کر ہے ہیں ۔

مختلف مقامات پر پولیس اور پیرا ملٹری دستوں کی جانب سے ناکے قائم کیے جا رہے ہیں۔ وہیں راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میںفورسز نے ناکے قائم کیے ہیں۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے مسافر گاڑیوں، دو پہیہ گاڑیوں، آٹو رکشا وغیرہ کو روک کر ان کی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ ان گاڑیوں میں سوار افراد کی بھی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔ بعض مقامات پر راہگیروں کی جامہ تلاشی کے علاوہ ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔