میرپور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لیے سالانہ ڈونر کانفرنسز کے سلسلے میں گزشتہ روز میرپور میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میاں عبد الشکور تھے جنھوں نے اہلیان میرپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے دیگر رفاہی و فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کا پروگرام شروع کر رکھا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے اب تک 19 ہزار یتیم بچے ہمارے آرفن پروگرام کے زیر کفالت ہیں ان میں ڈیڑھ ہزار بچے آزادکشمیر کے رہائشی ہیں۔
میاں عبدالشکورنے اہلیان میرپور سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت میں آپ لوگوں کا کردار بڑا اہم ہے ہم چاہتے ہیں کہ آپ لوگ آمدہ چند سالوں میں میرپور کی پہچان اس طور بنائیں کہ لوگ مثالیں دیں کہ میرپور وہ علاقہ ہے جہ کوئی یتیم بچہ تعلیم سے محروم نہیں ہے۔ صدر الخدمت کی اپیل پر شرکاء کانفرنس نے بھرپور انفاق کا مظاہرہ کیا اور یتیم بچوں کی کفالت کے لیے دو کروڑ بیس لاکھ روپے کے عطیات الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کو پیش کیے جس سے میرپور کے 236 یتیم بچوں کی سپانسر شپ کی گئی۔
اس موقع پر سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان اور سیکرٹری جنرل آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے اہلیان میرپور کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا عزم کیا کہ انشائاللہ آمدہ چند سالوں میں میرپور کے آخری یتیم تک پہنچیں گے اور اسے تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے معاشرے کا مفید شہری بنائیں گے۔
تقریب سے ڈائیریکٹر آرفن کیئر پروگرام آزاد کشمیر کموڈور ریٹائرڈ محسن مرزا، چیئرمین آغوش یو کے ڈاکٹر عدیل ریاض، سابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر ڈاکٹر ریاض احمد نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر میرپور، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور راجہ امتیاز، صدر پریس کلب میر پور نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔