نئی دہلی(صباح نیوز)بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی ائے کی خصوصی عدالت میں متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیرکے سربراہ سید صلاح الدین ، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ سمیت 15 سرکردہ کشمیری رہنماؤں کے خلاف بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے ، بھارت سے بغاوت کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کر دی گئی ہے ۔
غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کی دفعہ 120 بی، 121، 121 اے اور یو اے پی اے کی دفعہ 13، 16، 17، 18، 20، 38، 39 اور 40 کے تحت ان رہنماؤں کے ساتھ ساتھ جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی ائے کی خصوصی عدالت کے جج فرد جرم سپیشل جج پروین سنگھ کی عدالت میں کشمیری رہنماؤں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، الطاف احمد شاہ، فاروق احمد ڈار، راجہ معراج الدین کلوال اور ایڈووکیٹ شاہد الاسلام پر الزام لگایا گیا کہ 2017 میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف مظاہرے منعقد کرنے کے لیے ان رہنماؤں نے اہم کردار ادا کیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کشمیریوں کی مشترکہ مزاحمتی قیادت (جے آر ایل) کے تحت یاسین ملک اور دوسرے رہنماؤں نے بھارت کے خلاف مہم چلائی ۔شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، الطاف احمد شاہ، فاروق احمد ڈار، راجہ معراج الدین کلوال اور ایڈووکیٹ شاہد الاسلام اور ظہور وٹالی ان دنوں نئی دہلی تہاڑ جیل میں قید ہیں