لندن( صباح نیوز)تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہاہے کہ ہندوستان ریاستی سرپرستی میں اسلاموفوبیا کو ہوا دے کر مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کررہاہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے منظور کی گئی قرارداد ایک خوش آئند قدم ہے۔ اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی وقت کی ضرورت ہے،اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے کی کوشش پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا قابل تحسین عمل ہے۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا صرف مغربی دنیا میں ہی نہیں ہے بلکہ یہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے ریاستی سرپرستی میں جاری ہے۔’
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو یہ بتانے کے لیے بڑی مہم چلائی ہے کہ ہمارا مذہب اسلام امن کا مذہب ہے۔ اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا کے انسداد کے لیے حکمت عملی تیار کرے اور اسلام فوبیا کو بین الاقوامی قوانین کے تحت قابل سزا بنائے ‘ہندوستان میں فاشسٹ حکومت کے خلاف بھی اقدامات ہونے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ”یہ محض کشمیر پر استعمار نہیں ہے بلکہ ہندوستان نے اس علاقے میں اسلامو فوبک حکومت مسلط کر رکھی ہے”۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تعینات تقریباً تمام پولیس اور سول ایڈمنسٹریٹر بنیاد پرست ہندو ہیں جوآبادیوں میں دہشت گردی میں مصروف ہیں۔کشمیری رہنما نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کا احتساب کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو فرار کی جگہ نہیں دی جا سکتی۔اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم کے خلاف ایک اور ہتھیار ہے۔ اگر ہم اسے اچھی طرح سے استعمال کریں تو ہم معصوم لوگوں کو ہندوستان کے فسطائی عزائم سے آزاد کر سکتے ہیں۔