سری نگر:کشمیری صحافی فہد شاہ کے خلاف بھارت سے بغاوت کا تیسرا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔کشمیری صحافی فہد شاہ بھارت سے بغاوت کے دو مقدمات میں عدالت سے ضمانت پرر ہائی کے حکم کے بعد بغاوت کے تیسرے مقدمے میں پولیس حراست میں ہیں ۔
فہد شاہ پر دوسری مرتبہ غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔فہد شاہ کے وکیل عمیر رونگا نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ان کے موکل اور نیوز پورٹل دی کشمیر والا کے ایڈیٹر انچیف کو 11 مارچ کو ان کے خلاف درج مقدمے میں پانچ روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا گیا ۔
بھارتی پولیس نے فہد شاہ کو رواں برس 04 فروری کو بھارت مخالف مواد شائع کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان پر کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔27 فروری کواس مقدمہ میں انہیں ضمانت مل گئی تاہم بھارتی پولیس نے ضمانت ملنے کے فورا بعد انہیں ایک اور جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔06 مارچ کو شوپیان کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے دوبارہ انکی ضمانت منظور کی لیکن بھارتی پولیس نے پھر انہیں گرفتار کیا اور اب ان پر ایک مرتبہ پھر کالا قانون یو اے پی اے لاگو کیا گیا ۔