تحریکِ انصاف جلد سندھ کے عوام کو زرداری مافیا کے چنگل سے آزاد کرا لے گی،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف جلد سندھ کے عوام کو زرداری مافیا کے چنگل سے آزاد کرا لے گی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منشور میں جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے الگ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا گیا میں وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی دیرینہ خواہش کو پورا کرتے ہوئے تاریخی اعلان کے ساتھ اس کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔

ان خیالات کااظہار شاہ محمود قریشی نےگزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لئے 500 ارب روپے کے اضافی پیکج اور جنوبی پنجاب صوبے کے پارلیمانی بل کے اعلانات عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہیں۔ امید ہے  اپوزیشن جماعتیں سیاسی اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی خاطر اس بل کی منظوری میں مثبت کردار ادا کریں گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ حقوق مارچ کے اختتام پر میں کراچی سمیت تمام اہلیانِ سندھ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ سندھ کے شہر شہر قصبے قصبے سے گو زرداری گو کا نعرہ واشگاف انداز میں گونج رہا ہے ۔ انشااللہ عنقریب تحریکِ انصاف سندھ کے باسیوں کو زرداری مافیا کے چنگل سے ہمیشہ کے لئے آزاد کرا لے گی۔