لندن(صباح نیوز) تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں خواتین پر بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں،تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کیا جارہاہے،ہزاروں کشمیری خواتین کو قابض بھارتی افواج نے اجتماعی طورپر عصمت دری کا شکار ہوئی ہیں،ہزاروں خواتین کے شوہروں کو بھارتی فوج نے گزشتہ کئی برسوں سے لاپتہ کیاہوا ہے یہ خواتین بیوا ہیں یا اس کی حیثیت کیاہے کئی برسوں سے وہ اس کیفیت سے گزررہی ہیں،خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیموں کے لیے یہ بہت بڑا چیلنج ہے ،8مارچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں خواتین پر ہونے والے مظالم کو نوٹس لیا جائے،ہندوستان کی قابض افواج خواتین کے حقوق پامال کرنے والی دنیا کے پہلے نمبر پر ہے
ان خیالات کااظہارانھوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوا لے سے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا
انھوں نے اپیل کی ہے کہ دنیا کی ہر عدالت میں بھارتی فوج کے خلاف مقدمے درج ہونے چاہیے اور خاص کر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کیاجائے
انھوں نے کہاکہ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں خود مقبوضہ کشمیرمیں جاکرحالات کا جائزہ لیں او رعالمی شہرت یافتہ وکلاء سے مشاورت کے بعد عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرائیں،جب تک ہندوستان پر عالمی سطح پر دباؤ میں اضافہ نہیں کیاجائے گا وہ مظالم جاری رکھے گا،ہندوستان کے یہ مظالم عالمی برادری کے لیے بھی کھلا چیلنج ہیں،ہندوستان نے کشمیریوں سے عہد کیاہواہے کہ وہ ان کو حق خودارادیت فراہم کرے تا کہ کشمیری اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں
تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں اس کی گواہ ہیں،اب اگر ہندوستان اپنے عہد سے منحرف ہورہاہے تو اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جنرل اسمبلی کا اجلاس بلاکر ہندوستان کے خلاف مداخلت کی قرارداد منظور کرائے،ہندوستان خواتین کے حقوق کی دھجیاں اڑاہاہے۔