پشاور(صباح نیوز )امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنیسٹی عوام اور پاکستان کے قانون کے ساتھ دھوکہ ہے، وزیراعظم کی جانب سے کالا دھن رکھنے والے افراد کو 5 فیصد ٹیکس کے عوض اپنا کالا دھن سفید کرنے کی دعوت اور کیبنیٹ کی جانب سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2022ء کی منظوری آئین و قانون کے ساتھ مذاق ہے۔ یہ حکومت کی جانب سے کرپٹ اور ملکی وسائل لوٹنے والوں کو دیا جانے والا این آر او ہے۔ ہم اِس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔یہ مافیا،ڈاکوؤں،ٹیکس چوروں سییاری اور قوم کے ساتھ دشمنی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے جماعت اسلامی کی تیاریاں مکمل ہیں۔ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تحصیل چیئرمین کے 51 امیدواران کو ٹکٹ جاری کردیا ہے۔ صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں ویلج کونسل کی سطح پر بھی ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں جن میں مختلف کیٹیگریز میں اب تک جماعت اسلامی کے 72 امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوں گے۔ مہنگائی، بیروزگاری، اشیائے خوردونوش اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے پی ٹی آئی نے بدترین عوام دشمنی کی ہے۔ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سالوں میں مغرب اور امریکہ کی خوشنودی کے لئے اسلام دشمن قانون سازی کی ہے۔ حکومت غیر آئینی ہتھکنڈوں سے عوام کے ضمیر خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینا مہنگائی کی حمایت کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں باجوڑ سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت جماعت اسلامی باجوڑ کے امیر حاجی سردار خان کررہے تھے۔ وفد میں سابق ایم این اے صاحبزادہ ہارون الرشید، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی سراج الدین خان اور مولانا عبدالمجید شامل تھے۔ اس موقع پر امیدوار جنرل کونسلر ملا سید سلارزو ضلع باجوڑ حاجی محمد آیاز نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ صرف مہنگائی میں اضافہ کیا بلکہ سب سے زیادہ اسلام مخالف بلز اور قوانین پیش کئے ہیں۔ قوانین کے ذریعے ہم جنس پرستی اور اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے لئے راہ ہموار کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مشکل وقت زلزلہ، سیلاب اور کورونا وباء میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ اگر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کیا گیا تو قومی امانتیں ضائع نہیں ہونگیں اور قومی حقوق کا تخفظ کیا جائے گا۔ مثبت تبدیلی کے لئے جماعت اسلامی کو ووٹ دیکر ضمیر کے سوداگروں کو مسترد کریں۔