کشمیر کاز کے لئے جسٹس عبدالمجید ملک کی جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔ علی رضا سید


میرپور(صباح نیوز) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے آزادکشمیر کے سابق چیف جسٹس اور جموں و کشمیر لبریشن لیگ کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

علی رضا سید جو ان دنوں پاکستان اور آزاد کشمیر کے دورے پر ہیں، جسٹس ریٹائرڈ مجید ملک وفات کی خبر سنتے ہی میرپور میں واقع ان کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے دعا کی کہ رب کریم مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور مرحوم کی مغفرت فرمائے، آمین چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ عبدالمجید ملک ایک ماہرقانون، جج اور سیاسی مدبر بھی تھے اور ان کی قانونی شعبے میں خدمات خاص طور پر عدالتی نظام کوبہتر بنانے کے لیے ان کی کاوشیں اور اس کے علاوہ، سماجی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

جسٹس مجید ملک ایک عظیم کشمیری رہنما اور ممتاز سیاسی مدبرتھے، مرحوم کی کشمیر کاز اور مظلوم کشمیریوں کے حقوق کے لئے جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔جسٹس مجید ملک کشمیریوں کے ہمدرد اور خاص طور پر حق خود ارادیت کے وکیل تھے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے گہری ہمدردی رکھتے تھے۔ ان کا خلا آسانی سے پر نہیں ہوگا اور انہیں طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔