اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ساڑھے تین سال میں پہلی بار غریب کو سہولت دی،اب ہمیں آٹا، گھی اور چینی پر بھی رعایت دینی چاہیے تاکہ زندگی میں سہولت پیدا ہوسکے، عمران خان کی قیادت میں آزاد اور غیرجانبدارخارجہ پالیسی چلارہے ہیں، ہمیں نئے دورکے مطابق ہم آہنگ ہونا ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ وزیراعظم نے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمت کم کی، ساڑھے تین سال میں پہلی مرتبہ غریب کو عمران خان نے سہولت دی جو بڑی بات ہے، اب ہمیں آٹا، گھی اور چینی پر بھی رعایت دینی چاہیے تاکہ زندگی میں سہولت پیدا ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہت اچھا کام کیا اس کی تعریف کرنی چاہیے، ہمیں اپنے اور آپ کے وزیراعظم کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ پر شیخ رشید نے کہاکہ بلاول والا لانگ مارچ اپنا ہی لانگ مارچ ہے اس کی خیر ہے، بلاول کو اسلام آباد آنے دیں ٹھیک ہے،شیخ رشید نے بلاول بھٹو کے لانگ مارچ پر شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے شعر کہا کہ
یوں رو رو کے اشکوں کی آبرو نہ گنوا
گھر کی بات ہے گھر میں ہی رہے تو اچھا ہے
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں آزاد اور غیرجانبدارخارجہ پالیسی چلارہے ہیں، ہمیں نئے دورکے مطابق ہم آہنگ ہونا ہوگا، یوکرین اور دیگر ممالک میں جوہورہا ہے وہ ہمارے سامنے ہے۔ 24سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان آئی ہے اس کا ہماری حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے، ہندوستان نے سازش کرکے نیوزی لینڈ کا دورہ ناکام بنایا۔