ن لیگ، پی پی کے کچھ دوستوں سے رابطہ ہوا ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کچھ دوستوں سے بھی رابطہ ہوا ہے، ق لیگ اور ایم کیو ایم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ جس سال وزیراعظم نے عہدے کا حلف اٹھایا 10 بلین ڈالرزکا قرضہ واپس کیا، سعودی عرب، چین اور یو اے ای نے مشکل وقت میں امداد دی اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان عوام کے دکھ اور درد کو سمجھتے ہیں، ہم نے احساس پروگرام شروع ہی کیا تھا تو کورونا آگیا۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بھاگ دوڑ کرلیں، یہ اپنے حسد میں خود ہی جل کر خاک ہوجائیں گے، ہمارے اتحادیوں کے ساتھ رابطے ہیں، چوہدری شجاعت، پرویز الٰہی اورمونس الٰہی سے رابطے ہوئے ہیں، چوہدریوں کا وزیراعظم سے قریبی رابطہ ہے۔فواد چوہدری نے سوال کیا کہ کیا یہ پیپلزپارٹی کی لانگ مارچ ہے؟ پیپلز پارٹی نے پولیس کی گاڑیوں پر جھنڈے لگائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول نے زندگی میں کبھی سیاست نہیں کی، بلاول بھٹو بے نظیر بھٹوکے لانگ مارچ کی ویڈیو دیکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے زرداری صاحب کے بارے میں جوکل کہا ہے وہ ان کے دل کی آواز ہے،ہمیں یہ نہیں پتہ کہ حمزہ شہباز بھی ن لیگ کا ٹکٹ لیں گے یا نہیں۔گذشتہ روز وزیراعظم نے بہترین پیکج دیا۔ مدد کرنے پرہم سعودی عرب اور دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔ ہم نے کورونا میں بہترین حکمت عملی اپنائی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا ، کمزور معیشت،افغانستان صورتحال جیسے چیلنجز کا سامنا رہا۔ حکومت کی پہلی کوشش پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔ ہمیں تباہ حال معیشت ملی۔ بتایاگیا 3 ہفتے میں 2 بلین ڈالرکاانتظام کرناہے ورنہ ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔ حکومت سنبھالی توبیرونی قرضوں میں 7 بلین ڈالرسالانہ اضافہ ہورہاتھا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے صنعتوں کو بحال کیا،کاروباری افراداور تعمیراتی شعبے کو پیکج دیا۔ عالمی ادارے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کررہے ہیں۔ حکومت نے معیشت کو درست کیا، حکومت نے سفید پوش طبقے کے لیے صحت کارڈ دیا۔