وزیراعظم کاآئی ٹی ماہرین کی سہولت کے لئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام کا اعلان


اسلا م آباد(صباح نیوز)خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے پیر کے روز اسلام آباد میں منعقدہ چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی پروفیشنلز کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مختلف بڑے شہروں میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز قائم کئے جارہے ہیں۔ اس مقصد کیلئے موجودہ این او سی قواعدوضوابط میں عملدرآمد کے حوالے سے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکنالوجی کے ماہر نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیداکرنے کی غرض سے آئی ٹی شعبے کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہماری آبادی کا تقریبا اڑسٹھ فیصد ہیں اور آئی ٹی سیکٹر میں انہیں سماجی ومعاشی ترقی کیلئے سودمند انداز میں کام میں لانے کی بھرپور صلاحیت ہے۔

اس سے قبل بورڈ آف گورنرز نے آئی ٹی کے نئے کاروبار اور کاروباری اداروں کی ترقی کیلئے موجودہ ڈھانچے سے استفادہ کرتے ہوئے آئی ٹی کے شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی غرض سے اسلام آباد میں مختلف ٹیکنالوجی اور جدید اداروں کو خصوصی اقتصادی زونز قرار دینے کی منظوری دی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں ٹیکنالوجی دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔