جماعت اسلامی کسی کو شہداء کے مقدس لہو سے غداری نہیں کرنے دیگی ،خالد محمود


اسلام آباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے کسی کو شہداء کے مقدس لہو کے ساتھ غداری نہیں کرنے دے گی ،گلگت بلتستان تاریخی طور پر آزادجموں وکشمیر کا حصہ ہے دونوں آزاد خطوں کو باہم مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ کا کردار بحال کیا جائے ،قائد اعظم نے کشمیر کو اپنی شہ رگ قرار دیا شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے حکومت پاکستان اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے

ان خیالات کااظہار انہوں نے امراء اضلا ع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے منصوبہ عمل کے حوالے سے امراء اضلاع کو ہدایات دیں ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی شہداء کے خون کی امین ہے ریاست کے موجود سٹیٹس میں تبدیلی کے حوالے سے اگر کوئی اقدام کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری قوت کے ساتھ ا س کے خلا ف مزاحمت کریں گے

انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر خطے کے سٹیٹس کے حوالے سے تبدیلی کی جو افواہین گردش کررہی ہیں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے جب تک پورا کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا اس وقت تک خطے کے سٹیٹس میں کسی طرح کی کوئی بھی تبدیلی ہر گزقابل قبول نہیں انہوں نے کہا کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء قربان کیے وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔