راولپنڈی(صباح نیوز) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت حبیب نواز عرف شکیل، وحید اللہ، عبدالرحمان اور محمد اللہ کے ناموں سے ہوئی جبکہ پانچویں کی شناخت کی جارہی ہے۔
مذکورہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر ایمونیشن برآمد ہوا، جن میں مشین گنز، دستی بم اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا دہشت گردوں سے دو طرفہ مقابلے میں 28سالہ سپاہی شبیر احمد نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شبیر احمد کا تعلق بلوچستان کے علاقے کوئٹہ سے تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔