کراچی پریس کلب کے ممبر اطہر احمدمتین کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیاگیا


کراچی (صباح نیوز)کراچی میں گزشتہ روز ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کراچی پریس کلب کے ممبراورسماٹی وی کے سینئرپروڈیوسراطہراحمد متین کو ہفتہ کی سہہ پرآہوں اور سسکیوں کے ساتھ یاسین آباد قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔

کراچی پریس کلب کے ممبراطہراحمد متین جمعہ کی صبح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نارتھ کراچی میں شہید ہوگئے تھے۔ان کی نمازِ جنازہ ہفتہ کوبعد نمازظہر مسجد صدیق اکبرکلفٹن بلاک 5 میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنرسندھ عمران اسماعیل،وزیراطلاعات سندھ سعیدغنی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان،ایم کیوایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرا ،ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامرخان،وسیم اختر،کراچی پریس کلب کے سیکرٹری محمدرضوان بھٹی،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان، گورننگ باڈی کے ممبراطہرحسین،کے یوجے کے جنرل سیکرٹری فہیم صدیقی، حسن عباس،سید راشدعزیز،موسی کلیم ،آباد کے چیئرمین محسن شیخانی سمیت مرحوم کے اہلِ خانہ، دوست، احباب، عزیز و اقارب صحافی برادری سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی ۔