ٹیک کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں اور سرمایہ کاری کریں، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مناسب ٹیک ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ اس کی معیشت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے زیادہ سازگار ہو رہی ہے، پاکستان نے آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیش کیے ہیں اور بین الاقوامی کمپنیوں کو ملک کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سنگاپور میں مقیم ٹیکنالوجی انٹرپرینیورز کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے چیئرمین عامر ہاشمی، ایڈوانس انٹیلی جنس گروپ کے جیف شیف، ذکی سمر اور عمیر جاوید نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں ٹیک کمپنیوں کے لیے ایپ ڈویلپمنٹ، اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل شناختی حل، ڈیجیٹل ادائیگیوں، ای کامرس اور ڈیجیٹل ترسیلات زر کے پلیٹ فارم کے شعبوں میں کام کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان کا ٹیک ٹیلنٹ عالمی مارکیٹ کے لیے کشش کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ ٹیکنالوجی پر مبنی حل اپنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر نے کہا کہ کاروباری اداروں کو پاکستان میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا سلوشنز کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا انٹیگریشن، اور سائبر سیکیورٹی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ون ونڈو کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔ صدر نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنا کر ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت اور معاونت کے حکومتی عزم کو بھی سراہا۔