آرمی چیف کا یورپی یونین کے عہدیداران سے علاقائی سلامتی، افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال


راولپنڈی (صباح نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقات میں افغانستان سمیت علاقائی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق بیلجیم کے سرکاری دورے کے دوران آرمی چیف نے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروسزکے جنرل سیکریٹری اسٹیفنو سنینو اور چیئرمین یورپی یونین کمیٹی کلاوڈیو گرازیانو سے ملاقاتیں کی۔ عہدیداران سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے مشترکہ مفادات، خطے میں سیکیورٹی کے حالات اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اسے مزید بڑھانے کا منتظر ہے۔ یورپی یونین کے عہدیدران نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ تمام سطح پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔