اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں صحافی اطہر متین کے بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں دہشت گردوں کی گولی کا شکار ہونے والے نجی ٹی وی کے پروڈیوسر اطہر متین کے قتل پر کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سماء کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے کہ صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس سے ملزمان نیچے گرے اور غصے میں اطہر متین کی کار پر فائرنگ کر دی۔
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کی ہلاکت کی پر زور مذمت کی اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی کا ڈاکوئوں کے ہاتھوں قتل ایک بہیمانہ واقعہ ہے، واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔
کراچی(صباح نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نارتھ ناظم آباد میں صحافی اطہر متین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے واقعے میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں سینیئر صحافی اطہر متین کے قتل پر کہا کہ ڈکیتی کی واردات کے دوران اطہر متین کا بہیمانہ قتل باعثِ صدمہ ہے، حکومتِ سندھ کسی کو بھی کراچی کا امن امان خراب کرنے نہیں دے گی، حکومت صحافیوں سمیت ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہید صحافی کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے صحافی کے قتل کی شدید مذمت کی اور صحافی برادری کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ادھر وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ صحافی اطہر متین کے قاتلوں کو جلد گرفتار کریں گے، پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے، پولیس موٹرسائیکل سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کرے گی، سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں، ایس ایس پی سینٹرل اور ڈی آئی جی سے بات ہوئی ہے۔