بھارتی جیلوں سے رہا ہونے والے 12 پاکستانی وطن پہنچ گئے


لاہور(صباح نیوز) نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے بھارت کی مختلف جیلوں میں سزائیں مکمل کرنے والے 12 پاکستانی واپس وطن پہنچ گئے ہیں، ان میں 80 سالہ ایک بزرگ بھی شامل ہیں جو وہیل چیئر پر واپس پاکستان پہنچے ہیں

بھارت کی مختلف جیلوں سے رہائی پانے والے 12 پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے واپس پاکستان پہنچے، ان میں 6 عام شہری جبکہ 6ماہی گیر شامل ہیں۔بھارت سے رہائی پاکر واپس وطن آنے والوں میں ایک بزرگ محمد نذیر ولد فتح دین بھی شامل ہیں، یہ بزرگ وہیل چیئر پر واپس پہنچے ہیں، جبکہ انہیں57 سال بعد بھارت سے رہائی نصیب ہوئی ہے، وہ 1965 میں بھارت میں گرفتارہوئے تھے۔محمد نذیر ساندہ لاہور کے رہائشی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالی کی ذات کا کرم اور پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ وہ اتنے طویل عرصے بعد اپنے خاندان سے مل سکیں گے، وہ ناامید ہوچکے تھے، لیکن اب وہ خوش ہیں کہ وہ واپس اپنے ملک آگئے ہیں اور باقی زندگی اپنے خاندان کے ساتھ گزارسکیں گے۔بھارت سے رہائی پاکر آنے والے افراد کو قانونی کارروائی کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کردیا جائیگا، جب کہ ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے کراچی بھیجا جائے گا۔