پشاور(صباح نیوز )امیرجماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ ہے۔ چار سو اشیاء کی قیمتیں پٹرول سے جڑی ہیں۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ حکمران وی آئی پی کلچر کے مزے اڑا رہے ہیں، پروٹوکول کو انجوائے کررہے ہیں اور عوام کو مافیا کے حوالے کردیا ہے۔ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے جھٹکے ہیں۔ چند روز قبل بجلی ساڑھے تین روپے فی یونٹ مہنگی کردی گئی تھی اور اب پٹرول کی قیمت میں یکمشت 12 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس وقت ملک میں بدترین مہنگائی ہے۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹک کی رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) 13 فیصد سے اوپر ہے جو شدید مہنگائی کی علامت ہے۔ یہ سفاکیت، بے رحمی، عوام کے خلاف معاشی دہشتگردی اور کاروباری طبقے اور عوام کا معاشی قتل عام ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمت میں ایک ہی بار میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس سے پٹرول کی قیمت پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین اور ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ عوامی حقوق کے لئے حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ جمعرات کو جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی پیل پر صوبہ بھر میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ پشاور میں جماعت اسلامی یوتھ اور پاکستان بزنس فورم کا مشترکہ مظاہرہ ہوا جس کی قیادت جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر محمد صدیق الرحمن پراچہ اور پاکستان بزنس فورم کے رہنما خالدگل مہمند نے کی۔ مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت نے عوام سے انتقام لینے کا فیصلہ کررکھا ہے۔ بجلی، پٹرول اور دیگر چیزوں میں قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جو کہ ظلم ہے۔ ہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ حکومت فی الفور قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔
مقررین نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو رلانے کا وعدہ سچ کر دکھایا۔ مافیاز کو ساتھ بٹھا کر مافیا کے خلاف لڑنے کا عزم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ مرادن میں بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع مردان کے امیر غلام رسول اور جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر سید کلیم باچا نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ باجوڑ میں بھی جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امراء قاری عبدالمجید اور میاں صاحب الرحمن نے پریس کلب کے سامنے منعقدہ مظاہرے کی قیادت کی۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کوہاٹ سمیت دیگر اضلاع میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ سراج الحق کی اپیل پر آج (جمعہ کو) بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔