کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی اور سودی نظام معیشت نے عوام کی زندگی اجیرن اور ملک دیوالیہ بنا دیا ہے۔ تبدیلی کا نعرہ تباہی ثابت ہوا ہے ،حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ دیانتدار قیادت اور نظام کی تبدیلی سے ہی ملک ترقی اور عوام مہنگائی ،بیروزگاری، کرپشن سمیت تمام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس میں طلباء کے اندر تعلیم کے ساتھ اتحاد امت اورتصور اقامت دین کا شعور پڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ان اخیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منتظم صوبہ جمعیت طلبہ عربیہ سندھ مولانا فرید احمد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی امیر کا مزید کہناتھا کہ آج عالم کفر ہر طرف سے اسلام ،مسلمانوں اور ہماریدینی اقدار پر حملہ آور ہے۔فلسطین کشمیر اوربھارت میں مسلمانوں کے لیے زمین تنگ کی جارہی ہے۔ بھارتی ریاست کرناٹک کے بعدہماچل پردیش میں بھی تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی اور نماز پڑھنے اورلائوڈ اسپیکرپر اذان دینے پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے جو کہ بھارت کے مکروہ چہرے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت جن مسائل ومشکلات کا شکار ہے ان کا واحد حل اتحاد امت اور دینی تعلیمات پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔