لاہور(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ منافق حکومت کو جمہوری طور پر چیلنج کریں گے، عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے ہر رکن پارلیمنٹ کو ساتھ دینے کی مہم چلائیں گے، اعلیٰ عدلیہ کو قومی معاملات پر نوٹس لینا چاہئے،قانون کے بغیر کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی۔
لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا لاہور ہائیکورٹ بار سے گہرا تعلق رہا ہے۔ پیپلز پارٹی قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور قانون کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں۔ قانون ریاست اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لیے کام کیا اور قانون کے بغیر کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو جمہوریت اور آئین کا تحفہ دیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عدلیہ کی بحالی میں کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ والد پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے جن میں وہ بری ہوئے اور ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف صدارتی ریفرنس لایا گیا،عوام کوانصاف کیسے مل سکتا ہے جب قائد عوام کا قتل ابھی بھی انصاف کا متقاضی ہے،میں وکلا کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کبھی اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا،آزاد عدلیہ تاریخی غلطیوں کو درست کرتی ہے۔موجودہ حکومت قانون کی بالادستی میں ناکام ہوئی ہے اور ہم ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک شفاف نظام کے بغیر انصاف فراہم نہیں کرسکتا اور یہاں پارلیمانی قوانین پرعمل نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ عمران خان کے دور میں ملک جمہوریت کی طرف نہیں جا رہا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ملک میں ہماری امیدوں کے برعکس نظام چلایا جا رہا ہے اور اعلیٰ عدلیہ کو قومی معاملات کا نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے ہر رکن پارلیمنٹ کو ساتھ دینے کی مہم چلائیں گے، اس منافق حکومت کو جمہوری طور پر چیلنج کریں گے،عوام کو دکھائیں گے کہ معاشی بحران ہے، انسانی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے مارچ کر رہے ہیں،ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں، ہم پارلیمنٹ پر حملے پر یقین نہیں رکھتے،ہم اس سسٹم کے خلاف لڑ رہے ہیں،ملک میں قانون کی بالادستی ضروری ہے،بار نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا ہے۔