الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز،ہزاروں طلبہ کی شرکت

  کراچی(صبا ح نیوز)الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے تحت سالانہ امتحانات برائے 2024-25کا اآغاز ہوگیا۔شہربھر میں قائم 100 الخدمت مدارس کے 7ہزار طلبہ و طالبات ان امتحانات میں شریک ہورہے ہیں۔ امتحانات کا سلسلہ 21جنوری تک جاری رہے گا ۔حفظ، ناظرہ اورقاعدہ کے امتحانات کے نگرانی کے لیے الخدمت ہیڈآفس سے ٹیمیں بھیجی جارہی ہیں ۔ مساجد اورمدارس کے پرامن ماحول میں ہونے والے امتحانات میں بچوں سے حفظ وناظرہ کے علاوہ مختلف احادیث دعائیں اورمنتخب سورتوں کے ترجمے بھی سنے جارہے ہیں ۔

صبح آٹھ بجے سے گیارہ بجے اوردوپہر دوبجے سے شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہنے والے امتحانات کے نتائج کا اعلان آئندہ ماہ فروری کے وسط میں ہونے والی مرکزی تقریب میں کیاجائے گا جس میں ناطرہ قرآن پاک مکمل کرنیوالے طلباطالبات کو اسناد بھی دی جائیں گی ۔دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے امتحانات کے اہتمام کو سراہا اور کہا کہ نسل نو کو علوم دینیہ سے آراستہ کرنے کیلئے الخدمت مدارس تفہیم القرآن عظیم جدوجہد کررہے ہیں ۔نئی نسل کی دینی تعلیم وتربیت کی آج اشد ضرورت ہے ۔قرآن سے تعلق کو عام کرنا ہوگا اور نئی نسل کو ایک بہترین مسلمان بنانے کیلئے جستجو کرنا ہوگی ۔الخدمت مدارس اس اہم فریضے کو انجام دے رہے ہیں ۔