مشعال حسین ملک کی والدہ ریحانہ حسین ملک کے انتقال پر سید صلاح الدین کا اظہار افسوس

مظفر آباد ۔ حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی والدہ ریحانہ حسین ملک کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ریحانہ حسین ملک کا انتقال جمعرات کو اسلام آباد میں ہوا۔ ۔ ایک بیان میں سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ کشمیری رہنما محمد یاسین ملک بھارت مخالف رہنما ہیں ،بھارتی قیادت اور بھارتی فورسز ان کے خون کے پیاسے ہیں اور ان کے رشتہ ازدواج میں اپنی بیٹی دینا خود بھی آزمائشوں کو دعوت دینے کے مترادف ہے، مرحومہ نے یہ سخت فیصلہ کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ بہت ہی مظبوط اعصاب رکھنے والی اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کرنے والی حریت پسند قوم کے ساتھ پوری استقامت کے ساتھ کھڑی رہنے والی پاکستانی قوم کی ایک بیٹی ہیں۔مرحومہ نے جب اس دنیا کو چھوڑا تو اس وقت اس کا داماد تہاڑ جیل کی تنگ و تاریک کوٹھی میں زندگی کے لمحات پورے صبر اور ہمت کے ساتھ گذار رہا ہے ۔سید صلاح الدین احمد نے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی اور ان کے پسماندگان بالخصوص،محمد یاسین ملک ، مشعال حسین ملک اور ان کی نواسی رضیہ سلطانہ دختر محمد یاسین ملک کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔