کراچی ائیرپورٹ پر امیگریشن نے سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا

 کراچی (صباح نیوز)انسانی سمگلنگ کے لئے سعودی عرب سے یورپ جانے والے نئے روٹ کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن حکام نے ناکام بنا دیا،سعودی عرب کا وزٹ ویزہ حاصل کرنے والے مسافر سے دو جعلی پاسپورٹ پر جعلی یورپ کا ویزہ لگا تھا،امیگریشن حکام نے مسافر کی سہولت کاری کرنے والے کراچی پولیس کے معطل اہلکار کو ساتھی سمیت ائیرپورٹ لائونج سے حراست میں لے لیا۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 12 اور 13 جنوری کے درمیان بی شفٹ میں سعودی عرب کے اصل وزٹ ویزے پر جانے والے مسافر سفیان احمد ولد سجاد حسین چٹھہ کے سامان کی تلاشی لی گئی تو مسافر کے سامان سے دو جعلی پاکستانی پاسپورٹ نمبر WG1179331اور KB6899371برآمد ہوئے ان دونوں جعلی پاسپورٹ پر جعلی شنگین لگے تھے اور یہ دونوں پاسپورٹ محمد ظہیر اور سفیان احمد کے نام سے بنے ہوئے تھے

۔ذرائع کے مطابق مسافر فیصل آباد کا رہائشی ہے جس کے حوالے سے شفٹ انچارج انسپکٹر جمال آفریدی کے پاس انٹیلی جنس معلومات تھیں اسی کئے مسافر کے سامان کی تلاشی کی گئی بعد ازاں مسافر نے دوران تفتیش بتایا کہ سوشل میڈیا کی ایپ انسٹا گرام پر عثمان جاوداں نامی ایجنٹ سے رابطہ ہوا جس نے ایجنٹ اسد معظم سے رابطہ کرنے کے لئے نمبر دیا اور گوجرانولہ میں اس ایجنٹ سے ملاقات ہوئی اور یہ طے ہوا کہ وہ یورپ میں اٹلی تک پہنچائے گا جس کے لئے دستاویزات اور تصاویر ایجنٹ کو دی گئیں اور اسد معظم بٹ ایجنٹ نے جعلی پاسپورٹ اور یورپ کا ویزہ لگا کر دیا اور ایجنٹ سے معاہدہ ہوا کہ جب سفیان وزٹ ویزہ پر سعودی عرب پہنچ جائے گا تو 70 لاکھ روپے سفیان کا بھائی مشتاق احمد ایجنٹ کو دے گا اور یہ زبانی معاہدہ ہونے کے بعد ایجنٹ نے کراچی میں دو سہولت کاروں پولیس کے معطل اہلکار ندیم اور شاہ زیب کا نمبر دیا جانے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سفیان نے بتایا کہ یہ دونوں سہولت کار ائیر پورٹ کی حدود میں اب بھی موجود ہیں جس ہر شفٹ انچارج انسپکٹر جمال آفریدی نے ایف آئی اے کے دو اہلکاروں انعام علی اور حسین کو اپنے ہمراہ لیا اور دونوں سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔امیگریشن حکام نے قانونی کارروائی کے بعد تینوں حراست میں لئے گئے افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی بھیج دیا ہے۔