اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امید ہے پی ٹی آئی کل اپنے تحریری مطالبات پیش کریگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بال ہمارے کورٹ میں آئی تو اس کو مثبت انداز میں آگے بڑھائیں گے، گنتی کے لحاظ سے مذاکرات کا کل تیسرا دور ہے لیکن عملا پہلا دور ہوگا۔ انہوں نے عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جیل کے اندر ملاقات کا اپنا ضابطہ موجود ہے، ہم بیسیوں مرتبہ نواز شریف سمیت دیگر لیڈروں سے ملنے کے لیے جیل میں گئے۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ جب ہم نواز شریف سے ملنے کے لیے جاتے تو ایک چھوٹا سا کمرہ ہوتا تھا جس سے 8سے 10 لوگوں کو بٹھا دیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ملاقات کے وقت کمرے کے چاروں کونوں میں پولیس اور کوئی اور اہلکار ہوتے تھے، نواز شریف نے کبھی کسی کو نہیں کہاکہ تم یہاں سے نکل جا۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ ہم کوئی خفیہ طریقے سے نہیں بلکہ کھلے عام باتیں کیا کرتے تھے، پی ٹی آئی کی عمران خان سے جو ملاقات ہوئی اس میں کوئی اہلکار یا پہرے دار موجود نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ ایسے تو شاید نہ ہوسکے کہ ہم ان کی ملاقات کے لیے کوئی بے در و دیوار سا فضاء میں کمرہ تخلیق کریں۔واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بات چیت کا تیسرا دور کل پارلیمنٹ ہاس میں ہوگا۔