راولپنڈی (صباح نیوز)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اورآرمی چیف سے بنگلہ دیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر نے الگ الگ ملاقاتیںکیں،ملاقاتوں میں خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فوج کی غیرمعمولی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنگلہ دیشی وفد نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز(جے ایس ایچ کیو)میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی فوجی قیادت نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیشی وفد نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز(جے ایس ایچ کیو)میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر گفتگو ہوئی اوردونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں رہنماوں نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ دونوں ممالک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے ایک مشترکہ وژن رکھتے ہیں جو مضبوط دفاعی تعلقات پر مبنی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے مسلح افواج کے عزم اور استقلال کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
علاوہ ازیں بنگلہ دیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے دورہ پاکستان کے دوران جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے جس کے دوران خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کو پائیدار شراکت داری کو بیرونی اثرات سے محفوظ رکھنے پر زور دیا گیا اور آرمی چیف نے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون پر مبنی دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فوج کی غیرمعمولی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف انتھک جنگ میں مسلح افواج کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف کیا۔