پشاور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حالیہ نتائج کے خلاف پشاورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین نے کی۔ناظم پشاور حسن امین اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔مظاہرے میں شامل میڈیکل کے طلبا نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی غیرشفافیت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین نے کہاکہ حالیہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں وفاقی یونیورسٹی کے طلبہ کو 14اضافی گریس مارکس دینے سے خیبرپختونخوا میں پہلے سے کامیاب امیداواروں کی حق تلفی ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میڈیکل کے طلبا کو ریلیف دینے کے لیے ایسا مربوط نظام بنایاجائے جس میں طلبا کے حق تلفی نہ ہوں۔صوبائی حکومت اور پی ایم ڈی کو طلبا کے مستقبل سے کھیلنے کا کوئی حق نہیں اس صورتحال میں وفاقی وصوبائی حکومت دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر فوری طور پر اس مسئلہ کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے شفافیت کے عمل کو یقینی بنایاجائے۔جب سے صوبے میں پی ٹی آئی حکومت برسر اقتدار آئی ہے تب سے تعلیم کا شعبہ بدستور متاثر ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومت اور پی ایم ڈی سے مطالبہ کیاکہ میڈیکل کے طلبا وطالبات کے تحفظات کو سنے اور حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے تمام متاثرہ طلبا کیساتھ کھڑے ہے۔مظاہرے میں طلبہ نے پلے کارڈز اٹھائے تھے جس پر حکومت اور پی ایم ڈی سی کے خلاف نعرے درج تھے