اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کا شدیداحتجاج ، نشستوں پر کھڑے ہوکر اووو اووو اور ڈیسک بجاتے رہے ،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کامائیک بندکرنے پر ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ،کورم کی نشاندہی پر کورم مکمل نکلا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے الزام لگایاہے کہ ملک سے باہر پی ٹی آئی کے نمائندے غیر ملکی ایجنٹوں سے پیسے لیتے ہیں،وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ یہ مذاکرات کو ڈسٹرب کر رہے ہیںان لوگوں سے بلیک میل نہ ہوں یہ لوگ مذاکرات کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں،ہمارے فوجی بڑی بہادری کے ساتھ ٹی ٹی پی کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میںایم کیو ایم پاکستان کے نومنتخب رکن سنجے پروانی نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے اوووو اووو کر کے احتجاج کیا۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ 26 نومبر کو 13 شہری شہید ہوئے26 نومبر کا کمیشن نہایت ضروری ہے جن لوگوں پر ٹارچر ہوا اس کی انکوائری ہونی چاہئے القادر یونیورسٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی، اس پر حکومتی لوگ فیصلہ دے رہے ہیںایک شخص نے القادر یونیورسٹی بنائی نمل یونیورسٹی بنائی، ان لوگوں نے صرف ملک لوٹا۔اپوزیشن لیڈر کو بات کرنے سے روکنے پر اپوزیشن ارکان کا اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر اووو اووو کرکے احتجاج شروع کردیا ،اپوزیشن ارکان کی جانب سے ڈیسک بھی بجائے گئے ۔جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے وقفہ سوالات شروع کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ آپ ہاؤس ان آڈر کریں میں جواب دیتا ہوں،آغا رفیع اللہ نے کہاکہ آج یہاں پر وقفہ سوالات ہوتا تو حکومت کااحتساب ہوتا،آپ نے ان کو بولنے دیا یہ اس قابل نہیں ہیں، یہ عوام کا درد رکھتے ہیں تو یہ بات سنیں، ان کی سیاست ایک شخص کے گرد گھوم رہی ہے، یہ نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ آپ ایوان کے کسٹوڈین ہیں، رولز کے مطابق وقفہ سوالات میں پوائنٹ آف آرڈر نہیں ہو سکتارولز کے مطابق ایوان کو چلائیںکون نہیں جانتا کہ القادر یونیورسٹی کے نام پر بہت بڑی کرپشن ہوئی ہے کیا اس نے شوکت خانم سے پیسے نہیں کھائے یہ سزا ان کو ہر صورت قانون کے مطابق ملے گی سینکڑوں ارب کھا گئے پھر یہاں پر رو رہے ہیں۔ اسی دوران تحریک انصاف کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے واک آؤٹ میں اپوزیشن جماعت جے یو آئی ف کے ارکان ایوان میں موجود رہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ این سی اسی ٹریننگ آج کل کالجوں میں نہیں دی جارہی،
انہوں نے سوال کیاکہ کیا اس ماحول میں مذاکرات ہو سکتے ہیں؟ یہ خود مذاکرات کے خلاف ہیں، سب سے پہلے اولین فرض فریقین کا یہ ہے کہ اس ایوان کو چلائیں میں تو کہوں گا یہ مذاکرات کو ڈسٹرب کر رہے ہیںان لوگوں سے بلیک میل نہ ہوں یہ لوگ مذاکرات کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں،ہمارے فوجی بڑی بہادری کے ساتھ ٹی ٹی پی کے ساتھ لڑ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی نے خود کہا تھا کہ ٹی ٹی پی کے45 ہزار بندے پاکستان آرہے ہیں جن میں چھ سات ہزار جنگجو ہیں اپوزیشن کے چار لوگوں نے 26 ویں ترمیم کے لئے ووٹ کی آفر دی تھی ہم نے قبول نہیں کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ آج یہاں پر اپوزیشن لیڈر کی طرف سے تقریر کی گئی، آج موصوف 13 پہ آ کے ٹکے ہیںکیا ان کے جھوٹ کو مان لیا جائے یہ آپس میں دست و گریبان ہیں ملک سے باہر ان کے نمائندے غیر ملکی ایجنٹوں سے پیسے لیتے ہیںکیا انہوں نے کسی منسٹری کو مسنگ پرسنز سے متعلق درخواست دی ہے؟عمر ایوب کس دادے کے پوتے ہیں کہ یہاں منافقت کرتے ہیںکرم میں لاشیں کیوں گریں، کرم کا امن کس نے خراب کیا ٹی ایل پی کے لوگوں پر لاہور میں سر عام گولیاں چلائی گئیں کیا انہوں نے اس پر بات کی؟آج ان کو لاشیں نظر آرہی ہیں۔پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی نے ایوان میں آکر کورم کی نشاندہی کردی مگرگنتی کرانے پر کورم پورا نکلا۔