اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں اور اراکین قومی اسمبلی کی طرف سے مذاکرات کے حوالے سے ان کے کردار پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جو پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اور رہنما یہ بیانات دے رہے ہیں کہ سپیکر نے بانی چیئرمین سے ملاقات کروانے میںکوئی کردار ادا نہیں کیا تو ان پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات میں ان کا کردار صرف سہولت کار کا ہے بانی چیئرمین سے ملاقات کروانا نہ ان کا مینڈیٹ ہے نہ ہی ذمہ داری۔اسپیکر قومی اسمبلی کاکہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات دینا کہ ا سپیکر افس سے رابط کیا گیا
انہوں نے مثبت جواب نہیں دیا یہ افسوسناک ہے میرے دروازے سب کیلیے ہر وقت کھلے ہیں اور میں نے کبھی کسی ایم این اے سے ملنے سے انکار نہیں کیا اور یہ سب ریکارڈ پر ہے۔اسپیکر نے واضح کیا کہ سپیکر کے عہدے پر جو پی ٹی آئی کے رہنما اعتراضات اور سوالات اٹھا رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جائوں تو وہ اس تجویز پر بھی غور کرنے کیلیے تیار ہیں کیونکہ وہ کسی صورت سپیکر کے منصب کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے ۔بطور اسپیکر پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے میں نے سہولت کار کا کردار نبھانے کی پوری کوشش کی ہے ۔سپیکر نے واضح کیا کہ ان کے ملک سے باہر ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ میٹنگ کا انتظام نہیں کرسکتے جب حکومت اور اپوزیشن ان سے کہیں گے وہ میٹنگ کا اہتمام کردینگے ۔