چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹرروبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد کی زیر صدارت اہم اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) مستحقین کی سکل ٹریننگ  ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ قومی و بین الاقوامی  رحجان کے مطابق  مستحق افراد کی سکل ٹریننگ اور روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔  چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ  خالد کی  بی آئی ایس پی افسران کو ہدایت ۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹرروبینہ خالد  اور سیکرٹری عامر علی احمد کی زیر صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹزمیں ایک  اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔اجلاس  کا مقصد  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق گھرانوں کے افراد کی سکل ٹریننگ اور ملازمت کے مواقعوں کی فراہمی  کے حوالے سے  بی آئی ایس پی   اور قومی و بین الاقوامی  اداروں کے  مابین  شراکت داری میں  پیشرفت کا جائزہ  لینا تھا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور اور تمام ڈائریکٹر جنرلز بھی موجودتھے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ  بی آئی ایس پی مستحقین  کی سکل ٹریننگ  ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سکل ٹریننگ کے ذریعے ایسے موثر اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جن  کے تحت  بی آئی ایس پی مستحقین کی آمدنی میں اضافہ اور ان کا معیار زندگی بہتر ہو۔ انہوں نے بی آئی ایس پی افسران کو ہدایات کی کہ آئندہ اجلاس میں  مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے  قومی و بین الاقوامی  رحجان کے مطابق مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کریں  تاکہ بعد از ٹریننگ انہیں روزگار کے بہتر مواقع  میسر آسکیں۔  سیکرٹری عامر علی احمد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق گھرانوں کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ کیلئے سپورٹ کرتا ہے اور سکل ٹریینگ  کے ذریعے ملازمت  کی فراہمی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ان گھرانوں کو غربت سے نکالا جاسکتاہے۔